کراچی(الفجر آن لائن)کراچی کے علاقے گلشن حدید میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے گھر سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ریسکیو کے مطابق لاشیں میاں، بیوی، 2 بچیوں اور ایک خاتون کی ہیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ گھر سے 40 سال کے شاہ زیب، 40 سالہ اہلیہ صبا، 5 سالہ بیٹی ایزل اور 4 سالہ بیٹی آریہ کی لاشیں ملیں۔پانچویں لاش 18 سالہ شمائلہ کی ہے جو شاہ زیب کی بہن ہے۔
ریسکیو کے مطابق موت کی وجو ہات جاننے کی کوشش جاری ہے۔ دریں اثنا آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
آئی جی سندھ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کی تمام پہلوں سے شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں اور ہلاکتوں کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے۔
انہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے، فرانزک تحقیقات اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں کسی ممکنہ مجرمانہ پہلو یا ملوث عناصر کو سامنے لایا جائے۔جاوید عالم اوڈھو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے انہیں مسلسل آگاہ رکھا جائے اور تمام حقائق کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔

