آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک، 4 زخمی ہوئے؛ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کی حمایت کرتے ہیں، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ، (الفجرآن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کی ہلاکت اور 4 کے زخمی ہونے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی عکاس ہے۔ دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرنے اور صوبے کے ترقیاتی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں اور صوبے میں دہشت گردی اور بدامنی کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کے اعتماد اور حمایت کے مستحق ہیں۔ بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ قومی عزم کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔

