پاک فضائیہ کی جدیدکاری اور دفاعی خود انحصاری پر بریفنگ،برازیلی ایڈمرل کا پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف،دفاعی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد(الفجرآن لائن): پاکستان اور برازیل کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، فضائی افواج کے مابین روابط مستحکم کرنے اور تربیت و جدید دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد، 13 اکتوبر 2026: وفاقی جمہوریہ برازیل کے اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے چیف آف جوائنٹ اسٹاف آف آرمڈ فورسز، ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے کی قیادت میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وفد نے سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فضائی افواج کے مابین روابط کو مزید مستحکم کرنے، تربیتی تعاون، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے اور عملی تجربات کے تبادلے کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
سربراہ پاک فضائیہ نے برازیلی دفاعی وفد کو پاک فضائیہ کی جاری جدیدکاری اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے خلائی ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور الیکٹرانک وارفیئر سمیت روایتی اور غیر روایتی جنگی صلاحیتوں پر مشتمل مربوط عملی نظام کی تشکیل میں ہونے والی پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بدلتے ہوئے عالمی تزویراتی اور سلامتی کے ماحول میں دفاعی برتری برقرار رکھنے کے لیے تکنیکی ترقی، خود انحصاری اور دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
برازیلی وفد کے سربراہ ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگیار فریرے نے فضائی اور سلامتی کے شعبوں میں ابھرتے ہوئے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مسلسل پیشہ ورانہ تبادلوں، باہمی استفادے اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔
انہوں نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس کے انسانی وسائل کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس تعاون کا مقصد تکنیکی تیاری کو مزید مؤثر بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کو مضبوط تر کرنا ہے۔
ملاقات میں پاکستان اور برازیل نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے اور فضائی دفاع کے شعبے میں اشتراک کے نئے امکانات تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، پیشہ ورانہ تعاون اور دفاعی روابط کو مستحکم بنانے کی مشترکہ کوششوں کا مظہر ہے۔

