دیہی خواتین زراعت، معیشت اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور مالی وسائل تک مساوی رسائی فراہم کرنا ضروری ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ، (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر صوبے کی دیہی خواتین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیہی خواتین بلوچستان کی معیشت، زراعت اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین کی معاشی خودمختاری، ہنرمندی اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے رائز پروگرام، وومن بازارز اور خواتین کے معاشی خودمختاری فنڈ کے ذریعے خواتین کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خواتین کاروباری شخصیات کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) لیب اور کاروباری تربیت کے پروگرام بھی اہم اقدامات ہیں، جن کا مقصد خواتین کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں معاشی سرگرمیوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی اور سماجی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق زراعت، لائیو اسٹاک، آبی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ذرائع معاش کے فروغ کے ذریعے دیہی خواتین کو بااختیار بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ خواتین کو معاشی مواقع فراہم کرنے سے نہ صرف ان کی انفرادی زندگی بہتر ہوتی ہے بلکہ خاندانوں کو مضبوط بنانے اور معاشرے کی خوشحالی میں بھی مدد ملتی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری ایک مضبوط اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے، ان کی ہنرمندی بڑھانے اور معاشی ترقی کے عمل میں ان کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بااختیار دیہی خواتین ہی خوشحال بلوچستان کی بنیاد ہیں۔


