آئی ٹی، میڈیا اور مصنوعی ذہانت کے نئے ماڈیولز سے استفادہ کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے، وفد کا اے پی پی کے ڈیٹا سینٹر اور اسٹوڈیو کا دورہ
اسلام آباد(الفجرآن لائن) ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے نئے ماڈیولز سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سلسلے میں ورچوئل یونیورسٹی کے جنرل منیجرز ڈاکٹر بابر علی اور خضر حیات نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اے پی پی کی منیجنگ ڈائریکٹر سبین عثمان خٹک سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اے پی پی کے ڈائریکٹر نیوز، ڈائریکٹر آئی ٹی، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور ایگزیکٹو پروڈیوسر بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی سبین عثمان خٹک نے وفد کو ادارے کے مختلف شعبوں، پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور خدمات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان قومی بیانیے کی ترویج میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اردو، انگریزی سمیت علاقائی اور عالمی زبانوں میں خبریں فراہم کرتا ہے۔
اس موقع پر ورچوئل یونیورسٹی کے جنرل منیجر ڈاکٹر بابر علی نے ادارے کے فاصلاتی نظامِ تعلیم میں کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ دنیا بھر سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ ورچوئل یونیورسٹی کے ذریعے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ادارے انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور دیگر متعلقہ شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دیں گے اور مصنوعی ذہانت کے نئے ماڈیولز سے استفادہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ اس تعاون کا مقصد دونوں اداروں کی تکنیکی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
دورے کے اختتام پر ورچوئل یونیورسٹی کے وفد کو اے پی پی کے ڈیٹا سینٹر اور اسٹوڈیو کا دورہ بھی کروایا گیا، جہاں انہیں ادارے کے تکنیکی نظام اور میڈیا سے متعلق سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

