نجی شعبے کی جانب سے ایک ارب 11 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوگی، منصوبے کے تحت 100 فیصد ملازمتیں مقامی افراد کو فراہم کی جائیں گی، حکومت بلوچستان
کوئٹہ(الفجرآن لائن): بلوچستان میں سرمایہ کاری، آبی زراعت اور برآمدات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈامب میں صوبے کے پہلے تجارتی جھینگا فارمنگ منصوبے کے سمجھوتے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت نجی شعبہ ایک ارب 11 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، جبکہ اس سے مقامی آبادی کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق سمجھوتے پر دستخط کی تقریب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ہاؤس آف کاسب کنسورشیم کے چیف ایگزیکٹو سعد زاہد اور سیکرٹری محکمہ ماہی گیری طارق قمر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اعلامیے کے مطابق ڈامب جھینگا فارمنگ منصوبے کی 20 سالہ آپریشنل مدت کے دوران حکومت بلوچستان کو 86 کروڑ 60 لاکھ روپے منافع حاصل ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کے تحت 100 فیصد ملازمتیں مقامی افراد کو فراہم کی جائیں گی، جس سے ساحلی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کو صوبے میں سرمایہ کاری، برآمدات اور آبی زراعت کے فروغ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے ساحلی وسائل کو بروئے کار لا کر مقامی آبادی کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی جھینگا فارمنگ کا منصوبہ صوبے کے آبی وسائل سے معاشی فوائد حاصل کرنے اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلاول خان کاکڑ نے بھی ڈامب جھینگا فارمنگ منصوبے کو صوبائی معیشت کے لیے اہم قرار دیا۔ ان کے مطابق اس نوعیت کے منصوبے سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے امکانات پیدا کرتے ہیں۔
ڈامب جھینگا فارمنگ منصوبے کو بلوچستان میں آبی زراعت کے شعبے کی ترقی، مقامی روزگار کے مواقع میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ منصوبے سے متوقع مالی فوائد اور روزگار کے اہداف کا عملی حصول اس کے نفاذ اور کامیاب آپریشن سے مشروط ہوگا۔

