راولپنڈی (الفجرآن لائن) پشاور دیر کالونی میں نجی سکول کی عمارت منہدم ہونے کے سانحہ کے بعد پنجاب حکومت نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کی انسپکشن اور جانچ پڑتال کا حکم دے دیا ہے۔
اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی وزارت تعلیم کو احکامات جاری کر دئیے ہیں جس کے لئے پنجاب بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو فوری عملدرآمد کا حکم دیا گیا ہے۔
جبکہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے سی ای او ایجوکیشن اور میونسپل کارپوریشن کے سی او سمیت ریسکیو حکام کو نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی فوری انسپکشن کی ہدایت جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے
میونسپل کارپوریشن کے سی او سے شہر میں خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں اس ضمن میں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ تمام نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کو مکمل طور پر چیک کیا جائے۔
کچی ناپختہ اور ٹی آر گاڈرز کی چھتوں والی عمارتوں کی مکمل رپورٹ تیار کر کے قانونی کاروائی کی جائے ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ خطرناک و نا پختہ چھتوں والی عمارتوں سے متعلق کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی

