میر سرفراز بگٹی کا نوجوان کی بہادری اور جرات کو خراجِ تحسین، حکومت بلوچستان کی جانب سے تعریفی سرٹیفکیٹ پیش
کوئٹہ(الفجرآن لائن)۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے نواں کلی میں تربیتی طیارے کے حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھنے والے نوجوان حکمت اللہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے نوجوان کی بہادری، جرات اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو سراہتے ہوئے حکومت بلوچستان کی جانب سے انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔
میر سرفراز بگٹی نے نوجوان حکمت اللہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایسے نوجوانوں پر فخر ہے جو مشکل حالات میں دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمت اللہ جیسے نوجوان بلوچستان کے لیے مثالی کردار ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حادثے کے مقام پر انسانی جانیں بچانے کے لیے نوجوانوں کا آگے بڑھنا بلوچستان کے عوام کی اپنی سیکیورٹی فورسز سے محبت اور وابستگی کا عملی اظہار ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز عوام کے تحفظ اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام ہر جگہ اور ہر حال میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے والوں کو دیکھنا چاہیے کہ بلوچستان کے عوام اپنی سیکیورٹی فورسز سے والہانہ محبت کرتے ہیں اور مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے نوجوان حکمت اللہ کو تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کرنا حادثے کے دوران انسانی جانیں بچانے کے لیے ان کی کوششوں کے اعتراف کی علامت ہے۔

