کراچی میں فیلڈ اسٹاف کی تربیت، خواتین مستحقین تک مؤثر رہنمائی پہنچانے پر زور؛ غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ
کراچی: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے یونیسیف پاکستان کے سوشل پالیسی سیکشن کے تعاون سے کراچی میں فیلڈ اسٹاف کے لیے صوبائی سطح پر تربیتی و آگاہی سیشن کا انعقاد کیا، جس کا مقصد نئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے عملے کی استعداد کار میں اضافہ اور خواتین مستحقین تک ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق درست معلومات پہنچانا تھا۔
سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر عصمت نواز نے کہا کہ نئے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کی کامیابی کے لیے فیلڈ اسٹاف کی مناسب تربیت اور خواتین مستحقین کے ساتھ براہِ راست رابطہ انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ مختلف میڈیا پلیٹ فارمز آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، تاہم خواتین کی رہنمائی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے براہِ راست رابطہ زیادہ مؤثر ذریعہ ہے۔
تربیتی سیشن کے دوران فیلڈ اسٹاف نے بھرپور شرکت کی، سوالات کیے اور ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقہ کار کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ خواتین مستحقین تک اس نظام سے متعلق معلومات مؤثر انداز میں پہنچانے کے حوالے سے رہنمائی حاصل کی۔
بی آئی ایس پی کے مطابق ون لنک کے تحت خواتین مستحقین ادائیگی کی تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہونے کے بعد ہفتے کے کسی بھی دن اور کسی بھی وقت پاکستان بھر میں پارٹنر بینک کے مجاز ریٹیلر سے اپنی رقم وصول کر سکتی ہیں۔ اس نظام کے ذریعے مستحقین کو ادائیگیوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے اور نئے ڈیجیٹل طریقہ کار سے متعلق آگاہی بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر عصمت نواز نے فیلڈ ٹیموں کی تربیت اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے یونیسیف پاکستان کی مسلسل معاونت اور کوششوں کو بھی سراہا۔
سیشن میں ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ مانیٹرنگ عدنان گھمن، ڈائریکٹر جنرل سندھ ثناء اللہ رند، ڈائریکٹر پیمنٹ فیصل اسلم، ڈائریکٹر میڈیا قرۃ العین فاطمہ، ڈائریکٹر سینٹرل زون وقار النسا اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ ڈاکٹر قرۃ العین سمیت سندھ ریجن کے دیگر سینئر حکام، کنسلٹنٹس اور بی آئی ایس پی فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔
ڈاکٹر عصمت نواز نے مستحقین کی رقم سے غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف بی آئی ایس پی کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے خواتین مستحقین پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی کٹوتی یا شکایت کی صورت میں بی آئی ایس پی کی ٹول فری ہیلپ لائن 080026477 یا اپنے قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر سے رابطہ کریں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیلڈ اسٹاف کی تربیت، مؤثر آگاہی اور مستحقین کے ساتھ براہِ راست رابطے کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کے نفاذ کو بہتر بنانے اور خواتین تک ادائیگیوں سے متعلق معلومات پہنچانے میں مدد ملے گی۔

