سیاسی اختلافات قومی سلامتی کے ضامن اداروں کو کمزور کرنے کا جواز نہیں بننے چاہئیں، مسلح افواج ملک اور خطے میں امن کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں، سیکریٹری اطلاعات بلوچستان
کوئٹہ(الفجرآن لائن): صوبائی وزیر بلوچستان ظہور بلیدی نے ملتان جلسے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے پاک فوج کے خلاف حالیہ ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو ایسے قومی اداروں کو کمزور کرنے کا جواز نہیں بننا چاہیے جو ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور مسلح افواج کی قربانیوں کا احترام جماعتی سیاست سے بالاتر رہنا چاہیے۔ ان کے مطابق پاک فوج نہ صرف پاکستان بلکہ وسیع تر خطے میں بھی امن کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
ظہور بلیدی نے زور دیا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا اور ملکی دفاع کے لیے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

