ملک بھر سے 360 ہونہار طلبہ و طالبات کو سو فیصد میرٹ پر داخلہ، مفت تعلیم کے ساتھ رہائش، کتابیں، یونیفارم اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی
اسلام آباد (الفجر آن لائن): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کردیا، جہاں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 360 ہونہار بچوں اور بچیوں کو سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کو دانش اسکول اسلام آباد کے حوالے سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکول 30 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں ابتدائی طور پر چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کی کلاسز شروع کی گئی ہیں۔ ہر جماعت میں 120 طلبہ و طالبات زیرِ تعلیم ہیں۔
بریفنگ کے مطابق ادارے میں 38 اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں، جبکہ ضروریات کے مطابق تدریسی عملے میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اساتذہ میں دانش اسکولوں سے فارغ التحصیل تین سابق طلبہ بھی شامل ہیں۔
دانش اسکول اسلام آباد میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے الگ الگ تعلیمی بلاکس تعمیر کیے گئے ہیں۔ ہر بلاک میں 24 کلاس رومز کے علاوہ آئی ٹی، سائنس اور روبوٹکس لیبارٹریز، ای لائبریری اور آرٹ روم بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ اسمارٹ اسکرینز سے لیس چار لیکچر رومز بھی تعلیمی سہولیات کا حصہ ہیں۔
اسکول میں طلبہ کی رہائش کے لیے ہاسٹلز، اساتذہ اور دیگر فیکلٹی کے لیے رہائشی سہولیات، کھیلوں کے میدان، مسجد اور آڈیٹوریم بھی موجود ہیں، تاکہ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور دیگر ضروریات کے لیے بھی مناسب ماحول فراہم کیا جا سکے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ صحت مند کھانا، یونیفارم، کتابیں اور طبی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
دانش اسکول اسلام آباد کا قیام باصلاحیت بچوں اور بچیوں کو میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی مواقع فراہم کرنے اور مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لیے معیاری تعلیمی سہولیات تک رسائی ممکن بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

