مسلح افراد مزدوروں کو دو گاڑیوں میں اپنے ہمراہ لے گئے، زخمی راشد بزنجو کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے
خضدار / نال (الفجر آن لائن): بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال کے علاقے بیسار میں گزشتہ شب مسلح افراد نے مائنز پر کام کرنے والے متعدد مزدوروں کو اغواء کر لیا، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے سردارزادہ شاہ میر بزنجو ولد سردار محمد اسلم بزنجو کی مائنز پر کام کرنے والے مزدوروں کو اغواء کیا۔ ملزمان مزدوروں کو ایک پک اَپ اور ایک دوسری گاڑی میں اپنے ہمراہ لے گئے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت راشد ولد غلام اللہ، قوم بزنجو، عمر 26 سال، ساکن دارکھالہ وڈھ کے نام سے ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ راشد کے دائیں پاؤں میں گولی لگی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اطلاعات کے مطابق اغواء کیے گئے مزدوروں کا تعلق تحصیل نال اور وڈھ سے ہے۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

