اسلام آباد (الفجر آن لائن)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر کراچی زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی شہریوں سے سائبر فراڈ میں ملوث غیر قانونی کال سینٹر کا نیٹ ورک بے نقاب کر کے مالک سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کراچی زون کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران غیر ملکی شہریوں کو منظم انداز میں نشانہ بنانے والے سائبر فراڈ نیٹ ورک کو پکڑا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے نمائندے ظاہر کر کے شہریوں کی حساس ذاتی اور بینکنگ معلومات حاصل کرتے تھے، جنہیں بعد ازاں مبینہ طور پر مالیاتی فراڈ کی وارداتوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
چھاپے کے دوران مبینہ وارداتوں میں زیرِ استعمال 36 لیپ ٹاپس، 8 موبائل فونز، ایک ڈی وی آر اور سائبر فراڈ میں استعمال ہونے والے دیگر جدید ڈیجیٹل آلات برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پی سی سی ) 2016ترمیم شدہ( 2025) کی متعلقہ دفعات اور پاکستان پینل کوڈ کے تحت درج کر لیا گیا ہے،
جبکہ مالیاتی لین دین کا سراغ لگانے اور گروہ کے دیگر سہولت کاروں کی نشاندہی کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ غیر قانونی کال سینٹرز، مالیاتی فراڈ اور دیگر سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

