بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے کے شہید میجر وجاہت وحید کو بھی خراجِ عقیدت، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات اور گوادر میں خوارج کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم چار دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا ثبوت ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے کے دوران شہید ہونے والے میجر وجاہت وحید کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطن عزیز کے دفاع میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے۔ شہداء کی قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

