وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے پیش رفت، مقامی، قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنایا جائے گا
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار، ہنر مند اور خود کفیل بنانے کے لیے بلوچستان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹیوٹا) اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی) کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت سالانہ 25 ہزار نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید اور بی ٹیوٹا کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالکبیر کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات ہوئی، جس میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود، فنی مہارتوں کے فروغ اور ان کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں اداروں نے مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید فنی اور پیشہ ورانہ مہارتیں سکھانے پر اتفاق کیا، تاکہ انہیں باعزت روزگار کے مواقع حاصل کرنے اور معاشی خودمختاری کی جانب بڑھنے میں مدد مل سکے۔
اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ تربیتی پروگراموں کو صرف مقامی ضروریات تک محدود رکھنے کے بجائے ملکی اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا، تاکہ تربیت یافتہ نوجوان صوبے اور ملک کی معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
مجوزہ تعاون کے تحت بی ٹیوٹا کے فنی اور تکنیکی وسائل کو بی آر ایس پی کے وسیع کمیونٹی نیٹ ورک کے ساتھ یکجا کیا جائے گا، جس سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں تک تربیتی سہولیات کی رسائی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
دونوں اداروں کے سربراہان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور ان کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ان کے مطابق یہ شراکت داری بلوچستان میں معاشی خوشحالی، خود کفالت اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔

