چار دہشت گردوں کی ہلاکت فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے، پسنی میں شہید میجر وجاہت وحید کو خراجِ عقیدت
کوئٹہ(الفجر آن لائن): صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے چار دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے دشمنوں اور غیر ملکی سرپرستی میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ ان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ہر محاذ پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔
مینا مجید بلوچ نے شادی کور، پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے کے دوران شہید ہونے والے میجر وجاہت وحید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطن کے دفاع اور عوام کے امن و سکون کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
صوبائی مشیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عزمِ استحکام کے تحت بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور عوام کی مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی۔

