کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
بلوچستان اسپیشل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) صوبے میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے ساتھ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ہنرمندی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔بی ایس ڈی آئی پروگرام کے تحت صوبے میں نوجوانوں کے لیے مجموعی طور پر 32 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنا، ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا اور صوبے میں روزگار کے مواقع کو وسعت دینا ہے۔
پروگرام کے تحت قائم آئی ٹی حب سینٹرز میں 8 ہزار طلبہ و طالبات کو تربیت فراہم کی جائے گی، جس سے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مہارتیں حاصل کرنے اور مستقبل میں روزگار کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد مل سکے گی۔
بلوچستان میں خواتین اور نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ فنی اور تکنیکی مہارتوں کے فروغ کو صوبے میں روزگار کے مواقع بڑھانے اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
بی ایس ڈی آئی کے تحت روزگار کی فراہمی، نوجوانوں کی تربیت اور ترقیاتی منصوبوں کو یکجا کرنے کی کوششیں صوبے میں معاشی ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
بلوچستان حکومت صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو وسعت دینے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، خواتین کی معاشی خودمختاری اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ صوبے کے عوام کو ترقی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ شریک کیا جا سکے

