غیر رجسٹرڈ یتیم خانے کی انتظامیہ بھی شاملِ تفتیش، چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے بچوں کو غیر متعلقہ افراد کے حوالے کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا
ملتان (الفجر آن لائن): ملتان میں گاڑی کی ٹکر سے 15 سالہ لڑکے کو کچلنے کے واقعے میں مرکزی ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں یتیم خانے کی انتظامیہ کو بھی شاملِ تفتیش کر لیا ہے۔
ترجمان چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کے مطابق متاثرہ بچہ جس یتیم خانے میں مقیم تھا، وہ رجسٹرڈ نہیں تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ بچوں کو ہنر سکھانے کے لیے صرف سرکاری یا نجی اداروں میں بھیجا جا سکتا ہے، انہیں کسی غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
واقعے کے بعد یتیم خانے کی رجسٹریشن اور بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق امور بھی تحقیقات کا حصہ بن گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم اور یتیم خانے کی انتظامیہ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

