میر سرفراز بگٹی کا بریسٹ کینسر آگاہی ماہ پر پیغام، خواتین کی صحت کے تحفظ اور دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی پر زور

کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بریسٹ کینسر آگاہی ماہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بریسٹ کینسر کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صحت کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں، اس لیے خواتین کسی بھی غیر معمولی تبدیلی یا علامات کو نظر انداز کرنے کے بجائے مستند معالج سے فوری طبی مشورہ حاصل کریں۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں اور بیماری سے متعلق آگاہی حاصل کریں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متعلق خوف، غلط فہمیوں اور سماجی جھجک کو دور کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہمات چلانا ضروری ہے، تاکہ خواتین بروقت طبی رہنمائی حاصل کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین تک بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کی رسائی بہتر بنائی جائے، تاکہ انہیں بروقت تشخیص اور مناسب طبی معاونت میسر آ سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متاثرہ خواتین کو خوف اور تنہائی کا شکار ہونے کے بجائے حوصلہ، ہمدردی اور بھرپور سماجی تعاون فراہم کیا جانا چاہیے۔ خاندانوں، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک بہتر رسائی خواتین کے لیے امید اور روشن مستقبل کی بنیاد ہیں، جبکہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے بریسٹ کینسر کے خلاف مؤثر جدوجہد کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

