
ایپ کے پہلے ہی روز 791 طبی مشاورتی کالز موصول، عوام کو سال کے 365 دن اور 24 گھنٹے طبی ماہرین تک رسائی فراہم کی جائے گی
کوئٹہ(الفجر آن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے صوبے کے دور دراز علاقوں میں عام شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی آسان بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل ایپ ’’صحت دہلیز‘‘ متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے مفت طبی مشاورت حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے مطابق صحت دہلیز ایپ پر طبی ماہرین چوبیس گھنٹے دستیاب ہوں گے اور یہ سہولت سال کے 365 دن شہریوں کو طبی مشاورت فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایپ کی فعالیت کے پہلے ہی روز تجربہ کار ڈاکٹروں نے 791 کنسلٹیشن کالز کے ذریعے شہریوں کو مفت طبی مشاورت فراہم کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں تک صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاکہ انہیں طبی مشاورت کے حصول کے لیے طویل سفر اور غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ گرمی میں جھلستے اور سردی میں ٹھٹھرتے عام بلوچستانی کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں طبی مراکز تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے۔
صحت دہلیز ایپ کا مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے طبی رہنمائی فراہم کرنا اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے صحت کے شعبے میں سہولیات کی رسائی کو آسان بنانا ہے۔ ایپ کے ذریعے چوبیس گھنٹے طبی مشاورت کی فراہمی بلوچستان میں ڈیجیٹل صحت کے فروغ کی جانب ایک اہم اقدام قرار دی جا رہی ہے۔

