راولپنڈی(الفجرآن لائن)موسم سرما میں شدت سے قبل ہی راولپنڈی اور اس کے جڑواں شہر اسلام آباد میں ایل پی جی گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ ایل پی جی گیس کی فی کلو قیمت 600 روپے تک پہنچ گئی
جس سے 11 کلو والے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت ساڑھے 6 ہزار روپے جبکہ کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت 25 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی۔
سوئی ناردرن گیس کی جانب سے سوئی گیس کی طویل و غیر اعلانیہ بندش اور ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے شہریوں کے چولہے مکمل طور پر بجھنے لگے گیس صارفین نے سلنڈر کی قیمتوں میں اضافے اور سوئی گیس کی سپلائی میں تعطل پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے
شہریوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں نے تحریک انصاف کے دور کے معاشی مظالم کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے جس سے غریب آدمی فاقہ کشی اور خود کشیوں پر مجبور ہوچکا ہے
صارفین کے مطابق دکانداروں نے ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں 300 روپے فی کلو کا خود ساختہ اضافہ کر رکھا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی حالانکہ حکومت نے ایل پی جی گیس کی فی کلو قیمت 279.34 روپے مقرر کر رکھی ہے۔

