وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا مرکزی ٹیلی میڈیسن ڈیسک پر طبی ماہرین سے اچانک رابطہ، سروس کی کارکردگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ
کوئٹہ (الفجر آن لائن): بلوچستان میں ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس نے کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں کو طبی مشاورت اور معاونت کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ٹیلی میڈیسن سروس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی ڈیسک پر تعینات طبی ماہرین سے اچانک رابطہ کیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور سروس کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے طبی ماہرین سے ٹیلی میڈیسن سروس کے ذریعے شہریوں کو طبی مشاورت فراہم کرنے کے طریقہ کار پر گفتگو کی اور ڈیسک پر تعینات عملے کی مستعدی اور خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ الحمدللہ، عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔ ٹیلی میڈیسن سروس کے ذریعے صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو طبی مشاورت کے حصول کے لیے طویل سفر اور مشکلات سے نجات دلانے میں مدد ملے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے دور دراز علاقوں کے عوام کو معیاری طبی مشاورت فراہم کرنا ممکن بنایا جا رہا ہے۔ ٹیلی میڈیسن سروس صحت کی سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے شہریوں کو طبی رہنمائی تک رسائی میں آسانی میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں بسنے والے عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے طبی خدمات تک رسائی بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، تاکہ شہریوں کو ان کے علاقوں میں رہتے ہوئے طبی مشاورت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
ٹیلی میڈیسن ہیلتھ یونٹس کا آغاز بلوچستان میں ڈیجیٹل صحت کے نظام کو فروغ دینے اور دور دراز علاقوں کے شہریوں کے لیے طبی مشاورت کی سہولیات بہتر بنانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔

