مستحق خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی، ڈیجیٹل والٹس اور خواتین کے لیے سہولیات بہتر بنانے پر تبادلۂ خیال
اسلام آباد (الفجر آن لائن): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد سے ارکان قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی اور خورشید جونیجو نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں مستحق خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی، خواتین کے لیے سہولیات میں بہتری اور پروگرام کے تحت جاری اقدامات سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مستحق خواتین تک مالی امداد کی شفاف اور آسان فراہمی، ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائیگیوں کے نظام اور مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری کوششوں کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس امر پر بھی تبادلۂ خیال کیا کہ مالی معاونت کی فراہمی کے طریقۂ کار کو مزید سہل بنانے سے مستحق خواتین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔
اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خاندانوں کی معاونت اور خواتین کو بااختیار بنانے میں پروگرام کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مستحق افراد تک مالی امداد کی مؤثر اور شفاف فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں بی آئی ایس پی کے جاری اقدامات اور مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے معاونت کے نظام کو بہتر بنانے سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔

