دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور
کوئٹہ (الفجر آن لائن): معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے قلعہ سیف اللہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کمانڈر کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی اور بروقت اقدامات کی عکاس ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مستعدی اور بروقت کارروائیاں قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کمانڈر کے خلاف کامیاب کارروائی امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے اختیار کی گئی مؤثر حکمتِ عملی کو ظاہر کرتی ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات لائقِ تحسین ہیں۔
معاون وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ پائیدار امن اور استحکام کے لیے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں بلوچستان میں امن و استحکام کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ صوبے کے عوام امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔

