آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں بلوچستان میں امن کی بحالی کے حکومتی عزم کی عکاس ہیں، معاون برائے داخلہ
کوئٹہ (الفجر آن لائن): معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گرد کمانڈر کے خلاف کارروائی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اور سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گرد کمانڈر کا خاتمہ امن دشمن عناصر کے لیے واضح پیغام ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی اور بدامنی پھیلانے کی کوششوں کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیاں صوبے میں امن کی بحالی اور استحکام کے حکومتی عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردوں کے نیٹ ورکس، ان کے سہولت کاروں اور دہشت گردی کی معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔
بابر یوسفزئی کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور قربانیاں بلوچستان میں امن کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ صوبے میں امن و امان خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا قانون کے مطابق بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔
معاون برائے داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام تک جدوجہد جاری رہے گی، کیونکہ صوبے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

