قومی ٹیم کی کامیابی نے لاکھوں پاکستانیوں کو فخر اور خوشی کا موقع فراہم کیا ہے، شہباز شریف
شاداب خان اور حارث رؤف کی آخری وکٹ کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا گیا
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور میں انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم نے قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر رن، ہر وکٹ اور ہر کیچ نے پاکستانی ٹیم کے عزم، نظم و ضبط اور مقابلے کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔وزیراعظم نے شاداب خان اور حارث رؤف کے درمیان آخری وکٹ کی شراکت کو میچ کا فیصلہ کن موڑ قرار دیتے ہوئے شاداب خان کی شاندار سنچری کی خصوصی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرکے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لاہور کے شائقینِ کرکٹ کا جوش و خروش درحقیقت پوری قوم کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے۔ قومی ٹیم کی کامیابی نے لاکھوں پاکستانیوں کو فخر اور خوشی کا موقع فراہم کیا ہے۔وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کو مضبوط بنانے اور ملک کو عالمی معیار کی بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کے لیے ایک قابلِ فخر مقام بنانے کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو شاباش دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا

