سیریز کے فائنل میں جگہ بنانے کی پوزیشن مزید مستحکم کرلی
242 رنز کا ہدف 47.1 اوورز میں حاصل کرلیا، شاداب خان کے ناقابلِ شکست 113 رنز اور حارث رؤف کے ساتھ آخری وکٹ کی شاندار شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا
انگلینڈ کی جانب سے بین ڈکٹ نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، سیم کرن نے 42،گس ایٹکنسن نے ناقابلِ شکست 36 رنز بنائے
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے46 رنز کے عوض چار وکٹیں،عرفات منہاس اور رضا اللہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
لاہور (الفجرآن لائن) پاکستان نے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں شاداب خان کی شاندار سنچری اور آخری وکٹ پر حارث رؤف کے ساتھ فیصلہ کن شراکت کی بدولت انگلینڈ کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 47.1 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی اور سیریز کے فائنل میں جگہ بنانے کی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے مقابلے میں پاکستان کی بیٹنگ ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ایک موقع پر میچ انگلینڈ کے حق میں جاتا دکھائی دے رہا تھا، تاہم شاداب خان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی امیدیں زندہ رکھیں اور ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنار کیا۔شاداب خان نے 96 گیندوں پر ناقابلِ شکست 113 رنز اسکور کیے، جن میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ دوسری جانب حارث رؤف نے آخری لمحات میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے آخری وکٹ پر اہم شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کو ہدف تک پہنچا دیا۔ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان 10، صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سعد بیگ نے 22 گیندوں پر 32 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی، جبکہ سلمان علی آغا اور حسن نواز نے بھی بیٹنگ میں حصہ ڈالا۔ تاہم ابتدائی اور درمیانی اوورز میں وکٹیں گرنے کے باعث پاکستان کو آخری مرحلے میں شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ گس ایٹکنسن اور لیام ڈاسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے باوجود انگلش بولرز شاداب خان اور حارث رؤف کی آخری وکٹ کی مزاحمت ختم کرنے میں ناکام رہے۔اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 241 رنز بنائے۔ بین ڈکٹ نے 111 گیندوں پر 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 10 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ سیم کرن نے 42 جبکہ گس ایٹکنسن نے ناقابلِ شکست 36 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 46 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ عرفات منہاس اور رضا اللہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی بولرز نے انگلینڈ کو بڑا مجموعہ بنانے سے روکے رکھا، جس کا فائدہ بالآخر پاکستانی ٹیم کو ملا۔ بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے تحت پاکستانی کھلاڑیوں نے اس میچ میں گلابی کٹ زیب تن کی۔ سہ ملکی سیریز کے ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں کھیلے گئے تھے، جبکہ چوتھے میچ کے لیے مقابلہ لاہور منتقل ہوا۔انگلینڈ کے خلاف اس سنسنی خیز کامیابی نے پاکستان کی سیریز میں پوزیشن مضبوط کردی، جبکہ شاداب خان کی ناقابلِ شکست سنچری اور آخری وکٹ کی شراکت میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوئی

