پودگلی چوک کے قریب فائرنگ سے مری قبیلے کے تین افراد جاں بحق، ایک زخمی؛ انتظامیہ کی یقین دہانی پر احتجاج ختم
کوئٹہ (الفجر آن لائن): سبزل روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے تین افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد احتجاج کرنے والے مظاہرین سے معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی اور ایس ایس پی آپریشنز کے کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سبزل روڈ پر پودگلی چوک کے قریب فائرنگ کے واقعے میں مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر مالی تنازعے کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد مقتولین کے لواحقین اور اہلِ علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے سبزل روڈ کو بند کر دیا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی اور ایس ایس پی آپریشنز موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ اس دوران مظاہرین کے تحفظات سنے گئے اور انہیں معاملے کے حل کے لیے قانونی کارروائی اور متعلقہ حکام کے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ختم کرنے اور سڑک کھولنے پر اتفاق ہوگیا۔ اس کے نتیجے میں سبزل روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا اور شہریوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی۔
اس موقع پر معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایسے واقعات میں قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جانی چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی مسائل کو بات چیت اور پُرامن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔

