![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/2414-768x436-1.jpg)
کراچی (الفجرآن لائن)سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی سعودیہ نے حج سیزن1445ہجری کیلئے فضائی آپریشن کے پہلے مرحلے کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا ہے،اس دوران مجموعی طور پر5لاکھ9ہزار عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا گیا جس میں سے 1لاکھ60ہزار پاکستانی ہیں،پہلے مرحلے کی آخری پرواز SV5827ریاض سے445عازمین حج کو لے کر جدہ پہنچی۔
سعودیہ کا حجاز مقدس آمد کا فضائی آپریشن 32روز پر محیط رہا،اور اس دوران مختلف سرکاری اداروں کے درمیان شاندار تعاون کے باعث عازمین حج کی آمد کے معاملات انتہائی خوش اسلوبی سے انجام پائے۔یہ شاندار کارکردگی حجاج کرام کو اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے سعودی عرب کی مدبرانہ اور دانشمندانہ قیادت کی ہدایات کے عین مطابق ہے۔
سعودیہ نے اس مرحلے کے تحت مجموعی طور پر دنیا بھر کے150سے زائد مقامات سے3400پروازوں کے ذریعے 5لاکھ9 ہزار عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا۔اس آپریشن کے دوران پروازوں کی بروقت آمد و رفت کی شرح88فیصد رہی۔حجاج کرام دوران پرواز ڈیجیٹل سروسز،حج کے ضوابط اور متعدد زبانوں میں عبادات سے متعلق تعلیمی موادسمیت تفریحی پروگراموں سے لطف اندوز ہوئے۔سعودیہ کے حج و عمرہ کے چیف ایگزیکٹیو افسر عامر الخشیل کا کہنا ہے کہ حجاج کو حجاز مقدس پہنچانے کے آپریشن کا پہلا مرحلہ انتہائی شاندار رہا۔یہ تمام عمل ایک مضبوط ا سٹریٹجک پلان کے باعث پایہ تکمیل تک پہنچا،جس میں مسافروں کے رش اور فضائی بیڑے کے درست استعمال کو بروئے کار لایا گیا،جس نے آپریشنل عمل کو ہموار بنانے اور اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی کو ممکن بنایا۔میں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سعودیہ کی پوری ٹیم کو اعلیٰ معیار کی فضائی اور زمینی خدمات کی فراہمی کے ذریعے مسافروں کے فضائی سفر کے تجربے کو شاندار بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔سعودیہ نے عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے آپریشن کی تکمیل کے بعد ان کی فوری روانگی کے مرحلے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
دوسرے مرحلے کے حوالے سے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے متعدد اجلاس جاری ہیں،جس کا مقصد ہوائی اڈوں پر مسافروں کی نقل و حرکت میں آسانی مہیا کرنا اور تمام مراحل میں بروقت کارکردگی یقینی بنانا ہے۔