ملک میں بجلی کا کوئی شارٹ فال نہیں ، آر ایل این جی معاہدے پر آئندہ سال نظرثانی ہوگی، این ٹی ڈی سی حکام کی آگاہی
اسلام آباد (الفجرآن لائن) نیپرا نے بجلی 3.41 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں نیپرا اتھارٹی نے سی پی پی اے کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3.41 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت بجلی صارف نے کہا کہ بجلی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں، یہی حالات رہے تو وہ دن دور نہیں جب ملک میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہو جائے گا۔نیپرا نے سوال کیا کہ سی پی پی اے نے عالمی مارکیٹ میں کتنے مقدمات ہارے ہیں عام آدمی پر کتنا بوجھ پڑا؟۔سی پی پی اے حکام نے بتایا کہ آپ سی ای او سی پی پی اے کو لیٹر لکھیں آپ کو جواب ملے گا، ہم نے کچھ کیسز جیتے کچھ ہارے ہیں ،صارفین پر بوجھ ہی نہیں انہیں فائدہ بھی ہوا ہے، ماہانہ پروڈکشن پلان منظور نہیں ہو سکا، ماہانہ پروڈکشن پلان لائیں گے تو کنزیومر پر بھاری بوجھ پڑے گا، گیس میں ماہانہ پروڈکشن پلان ممکن نہیں ہے، مئی میں پہلے 14دن موسم کافی اچھا رہا بارشیں بھی ہوئیں۔ سی پی پی اے حکام نے کہا کہ ٹمپریچر بڑھنے کیساتھ ساتھ ہمارا جنریشن پیٹرن بھی تبدیل ہو رہا ہے، اس وقت پیک ٹائم شفٹ بھی ہوگیا ہے اور زیادہ بھی ہوگیا ہے، مئی میں ونڈ پاور پلانٹس کی بجلی کی پیداوار بہتر رہی، جولائی میں بارشوں کا امکان ہے جس سے طلب کم ہوسکتی ہے۔
نیپرا اتھارٹی نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ مسئلہ ہے، یہ صرف باتیں ہیں کہ لوڈ شیڈنگ صرف نقصان والے فیڈرز پر ہے، اس وقت ہر جگہ ہی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ بجلی پیداوار کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی، اس وقت ملک میں بجلی کا کوئی شارٹ فال نہیں ہے۔آر ایل این جی کی مینڈیٹری امپورٹ کی پالیسی پر نیپرا اتھارٹی نے پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ ار ایل این جی کے معاہدے کب ختم ہو رہے ہیں۔این ٹی ڈی سی حکام نے بتایا کہ آر ایل این جی معاہدے پر آئندہ سال نظرثانی ہوگی، مئی کیلئے آرایل این جی کی ڈیمانڈ کا اندازہ جنوری میں لگایا گیا تھا، دسمبر تک سات ارب ڈالر کی آر ایل این جی درآمد ہونی ہے، صنعتی شعبے میں بھی آر ایل این جی کی کھپت کم ہے۔بعدازاں نیپرا نے سماعت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا اتھارٹی اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ جاری کرے گی۔