ٹیکس ٹو جی ڈی پی 13 فیصد تک لیکر جائینگے، ملک میں مہنگائی کی شرح 18 فیصد پر آچکی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے، ایف بی آر میں ڈیجیٹل اصلاحات ،ٹیکس چوری اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائیگا، پٹرول ، ڈیزل پر لیوی 70 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، قومی اسمبلی میں اظہار خیال
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، زرمبادلہ ذخائر9 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں، ٹیکس ٹو جی ڈی پی 13 فیصد تک لے کر جائینگے، ملک میں مہنگائی کی شرح 18 فیصد پر آچکی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا ہے، ایف بی آر میں ڈیجیٹل اصلاحات ،ٹیکس چوری اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائیگا، پٹرول ، ڈیزل پر لیوی 70 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اس میں مزید بہتری لا رہے ہیں،زرمبادلہ ذخائر 9ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹل اصلاحات ،ٹیکس چوری اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائیگا، نجکاری پلان 2سے 3سال کا ہے جس پر مرحلہ وار عمل کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی ساڑھے 9فیصد پر نہیں رہ سکتی ، ہم اس کے متحمل نہیں ہوسکتے اسے 13فیصد تک لے کرجائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 80روپے کی بجائے 70 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت گرین انرجی کا فروغ چاہتی ہے،سولر پینل پر کوئی ڈیوٹی نہیں لگائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میںمہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہو کر 18فیصد پر آئی ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بھی کم ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کار واپس آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نان فائلرز کی اختراع کومیرے اوپر چھوڑا جائے تو یہ فی الفور بند ہو جانی چاہئے، اس کیلئے ہم نے بہت اہم قدم اٹھایا ہے، آئندہ سال کیلئے ہم نے نان فائلرز کیلئے ریٹس بہت بڑھادیئے ہیںتاکہ وہ تین ،چار بار سوچیں کہ انہوں نے اس ملک کو ٹیکس ادا کرنا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی، ریاستی اداروں میں اصلاحات، انرجی، پاور سیکٹر کی اصلاحات مجموعی طور پر بجٹ اور ہمارے مستقبل کے روڈ میپ کا حصہ ہیں