انجمن آڑھتیاں کا 24 گھنٹے میں مقدمے کے اخراج کا مطالبہ، عدم عملدرآمد پر 29 جون سے ہڑتال کا فیصلہ
بورے والا(الفجرآن لائن) بورے والا پولیس نے منشیات فروش کے ہم نام کو گرفتار کر کے ڈیڑھ کلو منشیات کا مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاؤن بورے والا پولیس نے انوکھی کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش کے ہم نام آڑھتی کے بیٹے کو گرفتار کر کے ڈیڑھ کلو منشیات ڈال کر مقدمہ درج کرلیا، پولیس کی زیادتی کیخلاف سبزی منڈی کے آڑھتیوں نے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ آڑھتی کے بیگناہ بیٹے کیخلاف 24گھنٹوں میں مقدمہ خارج نہ کیا گیا تو 29جون سے ضلع بھر کی سبزی منڈیاں بند کردیں گے۔
اس موقع پر صدر انجمن آڑھتیاں سبزی منڈی وسرپرست مرکزی انجمن تاجران حاجی عاشق علی آرائیں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے گزشتہ روز مقامی آڑھتی حاجی عبدالرزاق کے بیٹے محمد عدنان کو گرفتار کرکے اس کے ہم نام مشہور منشیات فروش کا ریکارڈ سامنے رکھ کر ڈیڑھ کلو سے زائد چرس ڈال کر منشیات فروشی کا مقدمہ درج کرلیا ہے جب اس بارے وکلاء اورنمائندہ شہریوں نے ڈی ایس پی بورے والا سے شکایت کی تو ڈی ایس پی نے کہا کہ غلط فہمی میں یہ مقدمہ درج ہوگیا ہے آپ اس کی تفتیش تبدیل کروا لیں ،حالانکہ پولیس کو یہ جھوٹا مقدمہ خارج کرکے اسے رہا کردینا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے بلا جواز تاجر کے بیٹے کیخلاف بغیرکسی ریکارڈ کے مقدمہ درج کیا ہے، اگر مقدمہ 24 گھنٹوں میں خارج نہ ہوا تو پھر 29جون سے ضلع بھر کی سبز منڈیوں میں ہڑتال کی جائے گی۔