120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی ہواؤں سے درخت اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے، کئی مکانات تباہ
30 لاکھ سے زائد افراد بجلی سہولیات سے محروم، 1100 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں
واشنگٹن (الفجرآن لائن) امریکی ریاست ٹیکساس میں سمندری طوفان بیرل نے تباہی مچا دی، طوفان سے چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس سے سمندری طوفان بیرل نے تباہی مچا دی جس کے باعث معمولات زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔ 120کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے جبکہ کئی مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔
حکام کے مطابق طوفان کے باعث مختلف واقعات میں4افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 30لاکھ سے زائد افراد بجلی کی سہولیات سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ 1100سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں ۔حکام کے مطابق میونسپل اداروں، فائر بریگیڈ اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ امریکی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بلاوجہ گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے ساحلوں پر جانے پر پابندی عائد کر کے ماہی گیروں کو واپس بلالیا ہے۔