
ملک بھر میں آٹے کا بحران سر اٹھانے لگا، قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا
ودہولڈنگ ٹیکس سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوگا،بوجھ براہ راست عوام پرپڑے گا ،چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا
اسلام آباد (الفجرآن لائن) ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کیخلاف ملک بھر میں دوسرے روز بھی فلور ملز مالکان کی ہڑتال جاری رہی جس کے باعث آٹے کا بحران سر اٹھانے لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کیخلاف ملک بھر میں دوسرے روز بھی فلور ملزایسوسی ایشن کی ہڑتال جاری رہی جس کے باعث آٹے کا بحران سر اٹھانے لگا ہے اور قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا محمد اقبال کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ میں حکومت نے فلور مل انڈسٹریز پر ظالمانہ ٹیکس عائد کئے ہیں، ٹیکسزکا بوجھ براہ راست عوام پرپڑے گا اور ودہولڈنگ ٹیکس سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں بھی ٹیکس کی شرح بڑھا دی گئی ہے، یہ بوجھ فلور ملز انڈسٹری کے ساتھ عام عوام کو بھی اٹھانا پڑے گا۔
دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر محمد نعیم بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب سے گندم لانے کیلئے پرمٹ کا اجرا کرکے چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں، جہاں بھاری رشوت وصول کرکے چھوڑا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت آٹے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرے، اس صورتحال سے عام عوام کو سب سے زیادہ سستے آٹے کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی بلوں پر ایم ڈی آئی کی بڑھی شرح کو بھی واپس لیا جائے، جب تک مطالبات تسلیم نہیں ہوں گے، فلور ملز بند رہیں گی۔