عوام کو ریلیف کی فراہمی میرا مشن ، حالات مشکل مگر ہم عوام کیساتھ رہیں گے، وزیراعلی پنجاب
لاہور : وزیراعلی پنجاب مریم نوازنے 14 اگست سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالوں میں مفت سولر پینل تقسیم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میرا مشن ہے، حالات مشکل ہیں مگر ہم عوام کیساتھ رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین میں 14اگست سے مفت سولر پینلز کی تقسیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراعلی نے کہا کہ 200سے زائد اور 500یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو سولر پینل 10فیصد معاوضے کی ادائیگی پر ملیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سولر پینل کی فراہمی بینکوں کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میرا مشن ہے،سولر پینلز کی فراہمی سے بجلی بل میں 40فیصد تک کمی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حالات مشکل ہیں لیکن ہم عوام کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔