بھکر(آن لائن)پنجاب کے ضلع بھکر میں دہشت گردوں نے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے، جہاں بین الصوبائی سرحد پر واقع داجل چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملے کے نتیجے میں پنجاب پولیس کے 5 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ریسکیو ذرائع اور مقامی پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے ایک گروہ نے جدید اسلحے سے لیس ہو کر داجل چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کا پولیس اہلکاروں نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پانچ پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ کچھ کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کی میتوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی سخت کر دی گئی ہے۔ریسکیو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شہید ہونے والوں میں چیک پوسٹ پر تعینات جوان شامل ہیں جو ملک و قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر گئے۔۔اس افسوسناک واقعے کے بعد پنجاب پولیس کے اعلیٰ حکام نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ایسے بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا
