اسلام آباد۔وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان میں حج کے تمام آپریشنز کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے ا قدم اٹھایا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ آئی ٹی کے درمیان حج ڈیجیٹلائزیشن کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔مراسم میں وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی اور ڈائریکٹر جنرل نیشنل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق نے یاداشت پر دستخط کیے۔وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حج کے عمل کو مزید شفاف اور آسان بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام سے غیر ضروری تاخیر اور انسانی غلطیوں کا خاتمہ ہوگا۔
مزید برآں، سردار محمد یوسف نے بتایا کہ اس اقدام سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے حج آپریشنز کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئندہ سال سے درخواست جمع کروانے سے لے کر وطن واپسی تک اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا۔ یادداشت کے تحت پاک حج موبائل ایپ کو مزید بہتر اور آسان فہم بنایا جائے گا، جبکہ آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست گزاروں کے لیے سادہ اور قابلِ فہم سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پورٹل کے ذریعے سٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر رابطہ اور سعودی ٹائم لائنز کی پابندی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
