دوحہ ۔وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے سرکار دورے کے دوران قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس اہم ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں درج ذیل شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،جن میں تجارت اور سرمایہ کاری،توانائی اور دفاعی تعاون اور افرادی قوت (لیبر) اور ثقافتی تبادلے شامل ہیں۔
دونوں ممالک نے ان شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کے لیے مشترکہ ٹاسک فورس کے کردار کو کلیدی قرار دیا اور حالیہ اعلیٰ سطحی فیصلوں پر فوری عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران غزہ میں جاری انسانی بحران اور خلیج کی سلامتی سمیت وسیع تر علاقائی مسائل پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے قطر کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام تنازعات کا حل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری میں ہی پنہاں ہے۔ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے اور عالمی و علاقائی مسائل پر مسلسل رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا#/s#
