
قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، چیف جسٹس کیخلاف بیان دینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات
راولپنڈی (الفجرآن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ قانون کا نفاذ ریاست کی ذمہ داری ہے، قتل فتوے کے پیچھے سیاسی مقاصد ہیں،قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی، چیف جسٹس کیخلاف بیان دینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں لیگی رہنماء حنیف عباسی اور علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ کسی کو قتل کا فتوی دینے کا اختیار نہیں ، ہم نفرت پھیلانے والوں اور قتل کے فتوے دینے والوں کے راستے کی دیوار بنیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وضاحتی بیان آگیا تو اس کی کیا گنجائش ہے کہ قتل کے فتوے جاری کئے جائیں؟، آپ کو فتوے دینے کا حق کس نے دیا ہے، واضح کردوں اب یہ مذمت سے آگے کا کام ہے، یہ رواج شروع ہوگیا کہ قتل کردو اور اتنی رقم لے لو، اب ان ہاتھوں کو روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قتل کے فتوے جاری کرنے کے پیچھے کھلے سیاسی مقاصد ہیں، ان کا اپنا مکتبہ فکر کیا ہے؟ ،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے والد قائد اعظم کے ساتھی تھے، ان کے دادا نے بھی مسلمانوں کیلئے خدمات فراہم کیں، بغیر تحقیق ،بغیر پریس ریلیز دیکھے قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون کو نافذ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جو کیا گیا اس پر ایف آئی آر درج ہوئی ہے، ہمارے معاشرے میں اس کی کوئی گنجائش نہیں کہ سیاسی مقاصد کیلئے ایسے اعلان کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کیا خالی آپ ہی دین اسلام کے علمبردار ہیں؟ ،کیا اسلام پر بات کرنے کا حق صرف آپ کا ہے ، ہمارا نہیں ، ہم اس کی سخت مذمت ہم کرتے ہیں ،چیف جسٹس سے متعلق بیان دینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔