تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت ایران کی قومی سلامتی پر حملہ ، حق دفاع سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، علی باقری
تہران (الفجرآن لائن) نگران ایرانی وزیر خارجہ علی باقری نے اسرائیل سے انتقام کی دستبرداری سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت ایران کی قومی سلامتی پر حملہ ہے، حق دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے ، خطے میں امن واستحکام کیلئے عالمی برادری اسرائیل کیخلاف کھڑی ہو۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی نگران وزیر خارجہ علی باقری نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور غزہ صورتحال ،اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ علی باقری نے کہا کہ اسرائیل سے انتقام لینے کے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے،اسرائیل نے علاقائی استحکام کی خلاف ورزی کی،اسماعیل ہنیہ کو شہید اور ایران کی قومی سلامتی پر حملہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران حق دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام اور غزہ میں جرائم روکنے کیلئے عالمی برادری اسرائیل کے خلاف کھڑی ہو۔
