
ہماری ریڈ لائنز واضح ہیں، ایران، حزب اللہ نے حملہ کیا تو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیں گے،اسرائیلی وزیراعظم
تل ابیب (الفجرآن لائن) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس رہنماء جہاں ملے وہیں ماریں گے،ہمارے لمبے ہاتھ غزہ، یمن، لبنان سمیت ہر ضرورت کی جگہ پہنچ جاتے ہیں،ہماری ریڈ لائنز واضح ہیں، ایران، حزب اللہ نے حملہ کیا تو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ایران برائی کا محور ہے،ہم اس کیخلاف کثیر جہتی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت حال کیلئے تیار ہیں، کسی بھی جارحانہ کارروائی پر دشمن کو بھاری قیمت چکانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ریڈ لائنز واضح ہیں، اگر اسماعیل ہنیہ کے قتل کے جواب میں ایران یا حزب اللہ نے ہم پر کوئی کارروائی کی تو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاتھ بہت لمبے ہیں جو غزہ، یمن، بیروت اور ہر اس جگہ تک پہنچے جاتے ہیں جہاں ضرورت ہو۔ انہوں نے فوجی قیادت سے کہا کہ حماس کے رہنماؤں کا زیر زمین سرنگوں میں بھی تعاقب کیا جائے وہ جہاں ملیں وہیں ختم کردیا جائے۔