غزہ (الفجرآن لائن) اسرائیلی فوج نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نماز پڑھتے فلسطینیوں پر بمباری کر کے خواتین، بچوں سمیت 100 سے زائد افراد کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کے علاقے الدرج میں پناہ گزین کیمپ میں قائم التابعین سکول میں نماز فجر ادا کرتے فلسطینیوں پر بمباری کر کے خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد افراد کو شہید جبکہ درجنوں کو زخمی کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی مظالم کا نشانہ بننے والے بے گھر فلسطینیوں نے سکول میں پناہ لے رکھی تھی اور تقریبا 250 سے زائد فلسطینی نماز فجر ادا کررہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز کے سکول پر گرائے گئے تین بموں میں سے ہر بم کا وزن 2 ہزار پاؤنڈ تھا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ سکول حماس کا ہیڈکوارٹر تھا جہاں دہشت گرد موجود تھے،بیان میں کہا گیا کہ حملے سے قبل شہریوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے تھے جن میں درست اسلحہ، فضائی نگرانی اور انٹلیجنس معلومات کا استعمال شامل تھاجبکہ غزہ کے حکام نے کہا ہے کہ سکول کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گیا ہے۔