اسلام آباد (الفجرآن لائن) صدر آصف زرداری نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو شاندار کارکردگی پر ہلال امتیاز سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر آصف زرداری کی ہدایت پر ایوان صدر نے پیرس اولمپکس 2024ء میں جیولین تھرو مقابلوں میں پاکستان کیلئے پہلا انفرادی گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کو شاندار کارکردگی پر سول ایوارڈ (ہلال امتیاز) سے نوازنے کیلئے خط کابینہ ڈویژن کو ارسال کر دیا ہے۔
خط میں کہا گیاہے کہ ارشد ندیم نے بہترین کارکردگی سے کھیل کے میدان میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، ان کی عالمی سطح پر شاندار کامیابی قوم کیلئے فخر کا باعث بنی ہے۔خط میں کہا گیا کہ صدر مملکت آئین نے آرٹیکل 259 (2) کے تحت ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایوان صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں صدر زرداری ایتھلیٹ ارشد ندیم کو سول ایوارڈ عطاء کریں گے۔