لاہور 70، ملتان، ساہیوال، سرگودھا 60، راولپنڈی، سیالکوٹ، اوکاڑہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 50 روپے سستا
لاہور(الفجرآن لائن) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں آٹے کی قیمتیں مزید کم کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی قیمتوں میں مزید کم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لاہور میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں مزید 70 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد اب آٹے کا تھیلا عام مارکیٹ میں 1800 کی بجائے 1730 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔
شیخوپورہ میں 20 کلو گرام آٹے کا تھیلا 100 روپے مزید سستا ہو کر 1640 روپے ہوگیا ہے جبکہ،جہلم، چکوال، پاکپتن اور نارووال میں 80 روپے،ملتان، ساہیوال، سرگودھا اور اٹک میں آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 60 روپے مزید کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی، حافظ آباد، سیالکوٹ، ننکانہ، اوکاڑہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 روپے،ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ، خوشاب، بھکر، لودھراں، راجن پور، مظفر گڑھ، لیہ اور رحیم یار 40 روپے،فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد اور منڈی بہاؤالدین میں 30 روپے، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، خانیوال، وہاڑی اور میانوالی میں 20 روپے کمی کی گئی ہے۔