کار ڈرائیور بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل، پولیس نے تفتیش شروع کردی
سرگودھا : موٹر وے ایم 2 پر بھیرہ کے قریب کھڑی گاڑی سے 4 افراد کی لاشیں برآمد کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں بھیرہ کے قریب ایم 2موٹروے پر کھڑی کار سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جبکہ کار ڈرائیور عمر قاسم کو بے ہوشی کی حالت میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھیرہ منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کار سوار فیملی میکلوڈ روڈ لاہورکی رہائشی ہے جو لاہور سے اسلام آباد جارہی تھی کہ بھلوال کے قریب موٹر وے پر اچانک سب پر بے ہوشی طاری ہوگئی جس پر ڈرائیور عمر قاسم نے گاڑی روک دی۔ریسکیو حکام کے مطابق کافی دیر تک گاڑی موٹروے پر کھڑی دیکھ کر موٹروے پولیس نے ریسکیو 1122 کو طلب کیا جنہوں نے کار کا شیشہ توڑ کر لاشوں کو باہر نکالا۔
کار ڈرائیور کے مطابق راستے میں ایک خاتون کی طبیعت خراب ہوئی تو جوس پیا تھا۔پولیس کے مطابق گاڑی سے 2 جوس کے ڈبے ملے ہیں جن میں سے ایک ڈبے کی ڈیٹ ایکسپائر ہے تاہم پوسٹ مارٹم کے بعد ہی ہلاکت کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی۔
دوسری جانب ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ ہلاکتوں کی وجہ فوڈ پوائزننگ ہو سکتی ہے، جاں بحق افراد میں 60 سالہ رومیلا، 30 سالہ مہوش، 28 سالہ ثمر اور 4 سالہ عون شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس سٹیشن پھلروان بھیرہ کا عملہ بھی ہسپتال پہنچ گیا اور تفتیش کا آغاز کر دیاہے۔