
کراچی(الفجرآن لائن)شدید بارشوں کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر پروازوں کی لینڈنگ میں دشواری کے باعث کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جاری شدید بارشوں کے باعث کراچی ایئر پورٹ پرپروازوں کی لینڈنگ میں دشواری کے باعث کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق دوحہ سے کراچی پہنچنے والی غیرملکی پرواز کو مسقط اتارا گیا،عدیس ابابا سے کراچی پہنچنے والی پرواز ایک گھنٹے چکر کاٹنے کے بعد بھی لینڈ نہ کرسکنے پر واپس چی گئی۔ کراچی اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز کی روانگی میں ساڑھے 8 گھنٹے تاخیر ہوئی،فلائٹ شیڈول کے مطابق استنبول اور بحرین سے آنیوالی پروازوں کی کراچی سے روانگی میں بھی تاخیر ہے، پی آئی اے کی ملتان سے مسقط اور القسیم کی پروازویں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ ملتان سے مسقط کیلئے پرواز پی کے 171 رات سوا 8 بجے روانہ ہوگی، لاہور دمام پی آئی اے کی پرواز پی کے 247 تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی جبکہ اسلام آباد دبئی کی پرواز پی کے 233 ایک گھنٹہ تاخیر سے رات ڈھائی بجے روانہ ہوگی۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی کی پرواز کی روانگی میں 8 گھنٹے، اسلام آباد سے کراچی کی پرواز کی روانگی میں 4 گھنٹے اور اسلام آباد سے کراچی کی پی آئی اے کی پرواز کی روانگی میں 2 گھنٹے تاخیر ہوئی۔
٭٭٭٭٭