سید علی گیلانی دہائیوں تک امید اور مزاحمت کا چراغ بنے رہے،سید علی گیلانی کشمیر کی آزادی کی تحریک کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، آصف زرداری، شہباز شریف
اسلام آباد (الفجرآن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیدو بند کی صعوبتیں بھی عظیم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں۔ مرحوم سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے عظیم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی جراتمندانہ جدوجہد کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، سید علی گیلانی دہائیوں تک امید اور مزاحمت کا چراغ بنے رہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ سید علی گیلانی نے بیشمار کشمیریوں کو خودارادیت کی جدو جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیا، کشمیری عوام کے جائز مقصد کیلئے ان کی انتھک محنت اور قربانیاں ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ نقش رہیں گی۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی ایک عظیم رہنما تھے، جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل تھا، قابض بھارتی افواج کی جانب سے قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کیلئے آواز اٹھاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ قید و بند سمیت ان کی ذاتی مشکلات ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں اور نہ ہی وہ اپنے مشن سے پیچھے ہٹے، گیلانی صاحب نے ہمیشہ اپنی توجہ حتمی مقصد پر مرکوز رکھی، کبھی بھی کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی جدوجہد سے ہٹنے نہیں دیا۔
صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ سید علی گیلانی اور بے شمار دیگر افراد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی، اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی کشمیر کی آزادی کی تحریک کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، وہ کشمیری تحریک کے ایک عظیم رہنما تھے جن کا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین تھا، انہوں نے پوری زندگی اس مقصد کے لئے وقف کردی۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور خودارادیت کی جدوجہد کیلئے سید علی گیلانی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں انکے عزم کو کمزور نہ کر سکیں، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا