نئے پرنٹرز نصب ہوتے ہی پاسپورٹ تاخیر کا مسئلہ ختم ہو جائے گا، سینیٹ کو تحریری آگاہی
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزارت داخلہ نے سینیٹ کو آگاہ کیا ہے کہ روزانہ پاسپورٹ کی 50 ہزار درخواستیں ملنے،پروڈکشن 22 ہزار ہونے سے تاخیر کا مسئلہ ہے،نئے پرنٹرز نصب ہوتے ہی پاسپورٹ تاخیر کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ سال 2022ء کے بعد سے ڈی جی امیگریشن اور پاسپورٹ کو روز بہت درخواستیں مل رہی ہیں،پاسپورٹ کیلئے موصول ہونیوالی روزانہ درخواستوں کی تعداد 45 سے 50 ہزار ہے جبکہ پاسپورٹ پروڈکشن سہولت روزانہ صرف 20 سے 22 ہزار پاسپورٹ فراہم کر سکتی ہے جس کے نتیجے میں پاسپورٹ کا بیک لاگ جمع ہو رہا ہے۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ پاسپورٹ کی پرنٹنگ 3 شفٹوں میں فعال بنائی گئی ہے، پاکستانی مشنز سے جوپاسپورٹ اجراء کیلئے بھیجے گئے تھے وہ پرنٹ کرکے بھیج دیئے گئے ہیں، فاسٹ ٹریک اور ارجنٹ پاسپورٹ کیٹیگری میں کوئی تاخیر نہیں مگر نارمل پاسپورٹ اجراء میں کچھ تاخیر ہوتی ہے۔تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ جیسے ہی نئے پرنٹرز نصب کئے جائیں گے پاسپورٹ تاخیر کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی انک،لیمینیٹس، سپیئرپارٹس کی خریداری میں غیر معمولی تاخیرکا سامنا ہے، جنوری میں 20 پرنٹرز اور 20 لیمینیٹرز کی خریداری کا عمل شروع کیا، پرنٹرزاورلیمینیٹرزکی تیاری میں 8 سے9 ماہ لگتے ہیں، رواں ماہ میں یہ فراہمی متوقع ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق 6 ڈیسک ٹاپ پرنٹرز اور2 ای پاسپورٹ مشینیوں کا آرڈرجولائی میں دیا گیاہے جن فراہمی رواں ماہ میں متوقع ہے،وزارت خزانہ کی جانب سے دونوں خریداریوں کیلئے مطلوبہ فنڈز مختص یاجاری نہیں کئے گئے ہیں۔