اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو بچانے والے ایکسویٹر آپریٹرمحب اللہ کو 25 لاکھ روپے کے انعام سے نواز دیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر قلعہ عبداللہ میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے ایکسویٹر آپریٹر محب اللہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، آپ کے انسانیت سے محبت کے جذبے کی دل سے قدر کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے ہمت سے کام لے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں اور مصیبت میں گھرے لوگوں کو بچاکرقومی فریضہ ادا کیا۔وزیراعظم نے محب اللہ کی بہادری کے اعتراف میں انہیں 25 لاکھ روپے کے انعام سے نوازا۔اس موقع پر ایکسویٹر آپریٹر محب اللہ نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم سے ملاقات کرنا میرے لئے اعزازکی بات ہے۔