اسلام آباد ( الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت میں 16 سال کے بعد پہلی بار پولیو کیس رپورٹ ہوا۔ وفاقی دارالحکومت کی یونین کونسل 4 میں ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد اسلام آباد میں 16 سال کے بعد یہ پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے جب کہ ملک بھر میں یہ رواں سال کا 17 واں پولیو کیس سامنے آیا ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ایک اور پاکستانی بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔ حکومت نے پولیو کے پھیلا کو روکنے کے لیے جامع روڈ میپ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ستمبر سے 115 اضلاع میں پولیو مہم شروع ہوگی، 3 کروڑ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف ہے۔ کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر انوار الحق کا کہنا ہے کہ ہم ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانے کی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔